بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا کی والدہ مادھو چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ پریانکا کی کامیابی نے ان کے بیٹے کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ پریانکا چوپڑا کی والدہ نے اپنے بیٹے سدھارتھ چوپڑا کی جدوجہد اور ان کی بہن پریانکا کی کامیابی کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سدھارتھ کو ان کے گھرانے کی مصروفیات کے باعث اپنی زندگی میں بہت کچھ خود ہی کرنا پڑا۔
مشہور پوڈکاسٹ سَم تھنگ بگر ٹاک شو میں روڈریگو کانیلاس کو انٹرویو دیتے ہوئے مادھو چوپڑا نے کہا کہ سدھارتھ پریانکا کی کامیابی کے باعث ‘قربانی کا بکرا’ بن گیا کیونکہ جب وہ نو عمر تھا تو اس وقت میں پریانکا کے ساتھ تھی اور ان کے والد اپنے کام میں مصروف تھے، تو سدھارتھ کو خود سے بڑا ہونا پڑا۔
پریانکا کی والدہ نے مزید کہا کہ میں اپنے بیٹے کو ہر روز جدوجہد کرتے ہوئے دیکھتی ہوں، اور دل ہی دل میں کہتی ہوں کہ خدا نے جو عطا کیا ہے اس پر شکر ادا کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے دونوں بچے بہت عظیم ہیں، جو مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میرا خیال رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا کے بھائی سدھارتھ چوپڑا نے حال ہی میں دوسری منگنی کی ہے اس سے قبل 2019 میں وہ اشتیا کمار سے منسلک تھے مگر شادی سے قبل ہی ان کی منگنی ختم ہوگئی تھی۔
دوسری جانب اداکارہ پریانکا چوپڑا ان دنوں سیٹاڈل کے دوسرے سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ ان کی آنے والی فلم ہیڈز آف اسٹیٹ ہے، جس میں وہ ادریس ایلبا اور جان سینا کے ساتھ ایکشن کامیڈی میں نظر آئیں گی۔