پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے شوہر و اداکار منظر صہبائی سے اپنے تعلق کی دلچسپ کہانی سنا دی کہ دونوں کے درمیان دوستی اور پھر شادی تک بات کیسے پہنچی۔
ثمینہ احمد نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں منظر صہبائی سے اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ شادی سے پہلے ہم دونوں ایک ڈرامے میں ساتھ کام کر رہے تھے لیکن شادی کے بارے ہم نے اس وقت نہیں سوچا تھا اور نہ ہی ہمیں اندازہ تھا کہ مستقبل میں ایسا کچھ ہونے والا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب ڈرامے کی شوٹنگ ختم ہوئی تو ہم نے ایک دوسرے سے تھوڑی بہت بات چیت کرنا شروع کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے منظر صہبائی اچھے لگے اور ڈرامے میں ہم نے شوہر اور بیوی کا کردار ادا کیا تھا لیکن اس وقت ایس کچھ نہیں تھا اور نہ ہی ہم نے ایک دوسرے سے کوئی ایسی بات کی صرف کام سے متعلق بات ہوتی تھی۔
ثمینہ احمد نے بتایا کہ جب ڈرامے کی شوٹنگ آخری مراحل میں تھی تو تب ہماری درمیان بات چیت شروع ہوئی اور ہم فون پر بھی ایک دوسرے سے باتیں کیا کرتے تھے اور ایک دو بار باہر کھانا کھانے ساتھ گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ شادی کی پیشکش منظر صہبائی نے کی تھی بس ایک دن ہم ایسے ہی ساتھ بیٹھے ہوئے تھے تو انہوں نے بہت کہا کہ آؤ شادی کر لیتے ہیں جس پر میں چونک گئی اور میں نے جواب دینے کے بجائے ان سے سوال کر لیا کہ کیا آپ کو واقعی ایسا لگتا ہے کہ ہمیں شادی کرنی چاہیے؟
اداکارہ نے بتایا کہ جواب میں منظر صہبائی نے کہا کہ ہاں مجھے یہی لگتا ہے، آپ کیا کہتی ہیں؟ تو میں نے بھی رضامند کا اظہار کر دیا۔
اب ایک انٹرویو میں سینئر اداکارہ نے اپنے اور منظر صہبائی کے تعلق کے بارے میں کُھل کر بات کی ہے۔
واضح رہے کہ ثمینہ احمد اور منظہر صہبائی کورونا لاک ڈاؤن کے دوران 4 اپریل 2020ء کو رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
اس جوڑی کے نکاح کی مختصر سی تقریب لاہور میں منعقد کی گئی تھی جس میں صرف قریبی رشتے دار شریک ہوئے تھے۔