پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ اپنا آخری کارڈ ابھی نہیں بتائیں گے۔
اڈیالا جیل راولپنڈی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا گیا، 6 گھنٹے انتظار کیا۔ آج بھی جیل سے پیچھے روکا گیا آنے نہیں دیا جا رہا تھا۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔بانی پی ٹی آئی کے اخبارات بند ہیں، ٹی وی کی سہولت بھی نہیں، بانی پی ٹی آئی کو آج اور کل وکلاء سے معلومات ملیں۔
انھوں نے کہا ہم نے بھی بانی پی ٹی آئی کو سانحہ سے آگاہ کیا جس پر وہ صدمے میں تھے۔
علیمہ خان نے کہا کہ لواحقین اپنے رشتہ داروں کو جیلوں میں ڈھونڈتے پھر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا شہداء اور گرفتار لوگوں کا پتہ کرایا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے محسن نقوی اور شہباز شریف کے خلاف ایف آئی آر کی ہدایت کی، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ لال مسجد سے بھی بڑا سانحہ کرایا گیا ہے۔
علیمہ خان نے کہا اب جو واقعہ ہوا اس سے عوامی غصہ مزید بڑھے گا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا جو سانحہ ہوا اس کو مقامی اور عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔
علیمہ خان نے کہا بشریٰ بی بی نے لوگوں کو لیڈ کیا باقی قیادت کو بھی کنٹینر پر ہونا چاہیے تھا، سوال یہ پوچھا جانا چاہیے کہ گولی کیوں چلی۔