جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا فائنل کل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو اور بھارت نے ملائیشیا کو شکست دی۔
آج پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے کپتان حنان شاہد نے گول کرکے برتری دلائی لیکن تین منٹ بعد ہی جاپان کے تانکا توباشا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا ہاف ٹائم تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
تیسرے کوارٹر کے دوران 38ویں منٹ میں علی بشارت نے گول کرکے پھر برتری دلائی لیکن اس بار بھی جاپان کے یاماناکا نے گول کرکے مقابلہ ہھر دو دو کردیا۔
چوتھے اور آخری کوارٹر میں کپتان حنان شاہد نے خوبصورت فیلڈ گول کرکے ایک گول کی سبقت کی 52 ویں منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر سفیان خان نے گول کرکے مقابلہ 2-4 کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔ جونئیر ہاکی ایشیاء کپ میں سفیان خان کا یہ دسواں گول تھا۔
دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
خیال رہے کہ 2023 میں بھی جونئیر ہاکی ایشیاء کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا جہاں پاکستان نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔