طویل انتظار کے بعد ریلیز کے مراحل میں موجود اداکار الو ارجن کی فلم ’پشپا 2: دا رول‘ اس ہفتے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کے لیے ایڈوانس بکنگ بھی شروع ہوگئی۔
فلم کے ہندی ورژن کو بھی ساتھ ہی ریلیز کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے ایسے شہروں میں جہاں ہندی زبان کا رجحان ہے وہاں ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار بھارتی روپے سے بھی زائد ہے۔
فلم کی پروموشن کے سلسلے میں کاسٹ اور عملہ حیدرآباد دکن میں ایک تقریب میں موجود تھا، جہاں ایک مداح نے ٹکٹ کی حد سے زیادہ قیمت پر مایوسی کا اظہار کیا اور پروڈیوسر سے سوال کیا کہ کیا یہ جائز ہے؟
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر موجود ایک ویڈیو میں مداح کو پشپا 2 کے پروڈیوسر سے سوال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
مداح نے سوال کیا کہ سر فلم کےلیے ہمیں 1200 روپے تک کا ٹکٹ لینا پڑ رہا ہے، تو کیا یہ ناجائز نہیں؟
سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی پشپا 2 دیکھنے کیلئے ٹکٹوں کی ہوشربا قیمت پر سوالات اٹھائے۔
بتایا جارہا ہے کہ ممبئی اور دہلی کے بڑے سنیما گھروں میں ٹکٹ کی قیمت 2500 بھارتی روپے سے بھی زیادہ ہے۔