سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ پانی کا بحران ایک عالمی چیلنج ہے، مستحکم مستقبل یقینی بنانے کیلئے سعودی عرب اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار ریاض میں منعقدہ ‘ون پلانٹ واٹر سمٹ 2024’ سے خطاب کے دوران کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہایت ضروری ہے، پانی کی کمی عالمی مسئلہ ہے اور اس کا حل مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
سعودی ولی عہد نے مزید کہا کہ پانی کے تحفظ کیلئے متعدد اہم منصوبے شروع کیے ہیں، سعودی عرب نے پانی کی کمی سے نمٹنے کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔
انھوں نے کہا پانی کی کمی کے مسئلے کے حل کیلئے دیگر ممالک سے تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، سعودی عرب نے 60 ممالک میں 6 ارب ڈالر کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ عالمی برادری پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے مشترکہ منصوبے تیار کرے، عالمی تعاون کے بغیر پانی کے بحران کو حل کرنا ممکن نہیں۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے تمام ممالک کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔