اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں زراعت‘لائیو اسٹاک‘آئی ٹی ‘ پیشہ وارانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دوطرفہ تعلقات میں بڑی تبدیلی لانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیاہے‘دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ پاکستان اور سعودیہ کے لیے اپنے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔منگل کو سعودی دارالحکومت ریاض میں ون واٹرسربراہی اجلاس کے موقع پر شہباز شریف کی شہزادہ محمد بن سلمان سے خوشگوار ملاقات ہوئی۔ سعودی ولی عہد نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران پانچویں بار پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات پر اپنی بے حد خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی محبت اور باہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو جوڑتا ہے۔ سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعاون کا فروغ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔وزیراعظم نے ولی عہد کا پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔ ولی عہد نے دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔