وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ لکھ کر دیتا ہوں پی ٹی آئی جلد دوبارہ اسلام آباد آنے کی پوزیشن میں نہیں۔
سب تک نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں کوئی انتظام نہیں تھا، صرف لوگوں کو ڈی چوک کا کہہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ لکھ کر دیتے ہیں، پی ٹی آئی جلد دوبارہ اسلام آباد آنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی بلکہ کبھی بھی دوبارہ آنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگی۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے مزید کہا کہ حکومت پختونوں کے خلاف نہیں ہے، پی ٹی آئی نے لوگوں کو ورغلایا کہ مسلح ہوکر اور کفن باندھ کر ہمارے ساتھ آئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست کے خلاف پروپیگنڈا کیا، جو لوگ گمراہ کرکے خیبر پختونخوا سے مسلح جتھے لائے وہ ذمے دار ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ پختونوں سے متعلق پی ٹی آئی پروپیگنڈا کر رہی ہے، خیبر پختونخوا سے 15 سے 20 ہزار کے قریب مسلح لوگ اسلام آباد لائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت معصوم لوگوں کو ورغلا کر احتجاج میں لائی، اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈھائی سو کے قریب اہلکار زخمی ہوئے۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے کہا کہ سیدھی گولیاں پی ٹی آئی والوں نے ماری ہیں، جو لوگ پورے معاشرے کوتکلیف دیتے ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سے متعلق پی ٹی آئی کوئی انتظام نہیں تھا، وہاں ان کارکنا مشکل تھا، پی ٹی آئی اب اتنی جلدی دوبارہ احتجاج کی پوزیشن میں نہیں آئے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ شاید اب پی ٹی آئی کبھی بھی احتجاج کی کال نہ دے سکے، ہم پہلے بھی ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار تھے آج بھی ہیں، وزیراعظم نے ان کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن انہوں نے انکار کیا۔