وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی نیت صوبائی سرپرستی میں اسلام آباد پر قبضے کی تھی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں مصدق ملک اور پی ٹی آئی کے سینیٹر ہمایوں مہمند نے شرکت کی۔
مصدق ملک نے کہا کہ احتجاج کے دوران عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت کی سرپرستی میں پی ٹی آئی کی نیت اسلام آباد پر قبضے کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلیے اسلام آباد میں کنٹینر لگائے، حکومت اچھا کام کررہی ہے یا نہیں کررہی اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملات حل کرلیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ روس سے تیل لینے کا ابھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا، بات چیت چل رہی ہے۔
دوران گفتگو ہمایوں مہمند نے کہا کہ احتجاج روکنے کےلیے تمام موٹرویز بند کرنا حکومت کی نااہلی ہے، اسلام آباد میں احتجاج کے دوران کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران جتنے لوگ مارے گئے ایک کا بھی پوسٹ مارٹم نہیں ہوا، مارے گئے افراد کا پوسٹ مارٹم کرایا جاتا تو حقائق سامنے آتے۔