مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں اے پی سی صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ہے، اے پی سی بلانا گورنر کا نہیں، منتخب حکومت کا مینڈیٹ ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ گورنر اے پی سی کے بجائے وفاق کا نمائندہ ہونے کے ناطے مرکز سے صوبے کے بقایاجات لیں، وہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو بننے کی ایکٹنگ نہ کریں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ صوبے کا چیف ایگزیکٹو وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہیں، وہ اپنی ذمے داریاں بطریق احسن نبھا رہے ہیں۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ کرم کا معاملہ وزیرِ اعلیٰ بہترین طریقے سے حل کر رہے ہیں، ان کی ہدایت پر حکومتی جرگے نے فائر بندی اور میتوں کی حوالگی یقینی بنائی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرم میں جان بچانے والی ادویات پہنچائیں، انہوں نے علاقے میں 400 پولیس اہلکاروں کی بھرتی کی منظوری دی۔