وزیرِ اعظم شہباز شریف نے میجر محمد اکرم شہید نشانِ حیدر کو 53 ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میجر محمد اکرم شہید نے مشرقی پاکستان میں لڑتے ہوئے جرأت اور بہادری کی مثال قائم کی۔
اُنہوں نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نشانِ حیدر نے دشمن کی عددی برتری کی پرواہ کیے بغیر ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے فرض شناسی، وطن سے عہدِ وفا کی ایسی مثال قائم کی جو نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے وطن کے عظیم بیٹوں کے لیے پوری قوم کے عقیدت کے جذبات ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی قوم اپنےشہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی وطن کے دفاع کے لیے قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔