فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے دارالحکومت کی اہم سرکاری عمارتوں کو محفوظ بنانے کے لیے پاک فوج کی قانونی تعیناتی کے خلاف بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر اظہار تشویش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
کانفرنس کے آغاز میں فورم نے شہداء کے ایصال و ثواب کےلیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے اسلام آباد میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں میں جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کےلیے شہدائے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاکستانی شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
فورم کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ پروپیگنڈہ بعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے، پروپیگنڈے کا مقصد پاکستان کی عوام، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں اس بات کے عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیاسی و مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فورم نے کشمیری عوام کےلیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
فورم نے انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع تجزیہ کیا، فورم نے بلوچستان میں دہشت گردوں بالخصوص بی ایل اے مجید بریگیڈ کے خلاف آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کا عزم کیا۔
اسی طرح فورم نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے دشمن قوتوں کی ایماء پر کام کرنے والے دہشت گردوں کو بےاثر کرنے کا عزم کیا۔ فورم نے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بےاثر کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
شرکاء فورم کا کہنا تھا کہ یہ پروپیگنڈا بعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔ پروپیگنڈے کا مقصد پاکستان کی عوام، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے۔
شرکاء کانفرنس نے کہا کہ بیرونی عناصر کی مدد سے کیے گئے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
فورم نے کہا کہ سیاسی و مالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ فورم نے کشمیری عوام کےلیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں جاری مظالم کی پُرزور مذمت کی۔ شرکاء نے غزہ میں جاری فوجی جارحیت کے خاتمے کےلیے بین الاقوامی قانونی اقدامات کی بھی حمایت کی۔
کانفرنس کے شرکاء کو بیرونی اور اندرونی خطرات کے تناظر میں موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شرکاء نے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کےلیے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔