شام میں حکومت مخالف باغی فورسز اور شامی فوج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، باغیوں نے حماہ شہر پر قبضہ کرلیا، شامی فوج نے تصدیق کردی۔
باغیوں نے گورنر ہاؤس، شامی فضائیہ کے ایئربیس پر قبضے کا بھی دعویٰ کیا ہے، مرکزی جیل سے تمام قیدیوں کو رہا کر دیا، جبکہ دارالحکومت دمشق میں داخل ہونے والا ڈرون طیارہ شامی فوج نے مار گرایا ہے۔
شام کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے حماہ شہر سے انخلا شروع کر دیا ہے، جو ملک کے مرکز میں علامتی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ حالیہ دنوں میں باغیوں کی ایک نئی تشکیل شدہ اتحادی فورس کی دوسری بڑی کامیابی ہے، جس نے گزشتہ ہفتے حلب پر بھی قبضہ کیا تھا۔
گزشتہ ہفتے باغیوں نے اچانک کیے گئے حملے کے ذریعے شام کے دوسرے بڑے شہر حلب پر قبضہ کر لیا تھا، جس سے صدر بشار الاسد اور ان کے اتحادیوں کو شدید دھچکا پہنچا۔
حماہ ایک اہم اسٹریٹجک مقام پر واقع ہے جو دمشق اور حلب کے درمیان براہ راست سپلائی لائنز فراہم کرتا ہے۔ خانہ جنگی کے آغاز 2011 سے باغی اس شہر پر قبضہ کرنے میں ناکام رہے تھے۔
باغیوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کا اگلا ہدف حمص ہوگا، جو دمشق سے تقریباً 165 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔