کراچی (اسٹاف رپورٹر)موسم کی تبدیلی کے ساتھ ناک و گلے کے امراض پھیل سکتے ہیں جس سے نزلہ ، زکام ،کھانسی، سر درد، ناک بند ہونا، ناک سے پانی گرنا ، چھینکیں آنا ، گلے میں درد وخراش، جسم میں درد اور بخارکی شکایت ہو سکتی ہے اس لئے ماہرین امراض ناک ،کان و حلق نے عوام کو ہدایت کی ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،تلی ہوئی، زیادہ کھٹی ،چکنی و ٹھنڈی چیزوںسے پرہیز کریں ، سلو پنکھا چلائیں، موٹر سائیکل چلاتے وقت ماسک پہنیں بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں پنکھے کے نیچے نہ لٹائیں کیونکہ احتیاط نہ کرنے کی صورت میں ناک و گلے کے امراض سنگین نوعیت اختیار کر سکتے ہیں ۔جناح اسپتال کراچی کے شعبہ ناک کان و حلق کے سربراہ ڈاکٹر محمد رزاق ڈوگر نے بتایاکہ جب بھی موسم خشک یا تبدیل ہوتا ہے بڑی تعداد میں مریض آنا شروع ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ احتیاط نہیں کرتے اور ہر طرح کا ٹھنڈا اور کھٹا کھانا کھالیتے ہیں ، تیز پنکھا چلاتے ہیں حالانکہ پنکھے کی براہ راست ہوا نا ک پر لگنے سے نزلہ ہوتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر احتیاط کی جائے تو یہ امراض 4سے 5دن میںازخود ٹھیک ہو جاتے ہیں ۔جناح اسپتال کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہرتمینہ خان نے بتایا کہ آج کل موسم تبدیل ہو رہا ہے جس سے نا ک کی الرجی کے زیادہ مریض آرہےہیں، کراچی میں ناک کی الرجی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے۔