وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کا دورہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سرینہ چوک انٹرچینج کی تعمیر پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے، ڈی سی اسلام آباد سمیت متعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ بھی کیا۔
انہوں نے پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے افسران کو ہدایات دیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ 10 ماہ کی بجائے 3 ماہ میں بنے گا، پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے سی ڈی اے کو ٹاسک دے دیا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ سے اسلام آباد میں ٹریفک کے برسوں کے مسائل حل ہوں گے، آنے والے دیگر شہروں کے لوگوں کو بھی آمد ورفت میں سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرینہ چوک انٹرچینج پراجیکٹ کے تحت 2 انڈر پاس اور رابطہ سڑکیں بن رہی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پراجیکٹ کی مقرر کردہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کے لیے خود نگرانی کر رہا ہوں، تعمیراتی کام کر کے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہے۔
انہوں نے ہدایت دی ہے کہ تعمیراتی کام کےدوران متبادل ٹریفک پلان پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کی روانی کے لیے بہترین مینجمنٹ کی جائے۔