پنجاب میں پلاسٹک پروڈیوسرز، سپلائیرز، ری سائیکلرز کی رجسٹریشن آن لائن کرنےکا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رجسٹریشن تاریخی اقدام ہے، پلاسٹک انڈسٹری کا ڈیٹا ایک جگہ اکٹھا کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پلاسٹک کی سپلائی سائیڈ کو مکمل طور پر رسمی معیشت کا حصہ بنانا مقصود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جائے گا جبکہ معیشت میں شفافیت بھی بڑھےگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ75 ماٸیکرون سے کم حجم والے پولیتھین بیگز کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے جبکہ پلاسٹک تھیلے بنانے والی 9 فیکٹریوں کو خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اینٹی پلاسٹک اسکواڈز فوڈ پوائنٹس، مارکیٹوں اور دکانوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔
سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کا استعمال ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کہنا ہے کہ دکانداروں کو متبادل ماحول دوست بیگز استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پلاسٹک آلودگی ہمارے ماحول اور انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے جبکہ شہری پلاسٹک تھیلوں کی بجائے ماحول دوست مصنوعات استعمال کریں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پلاسٹک تھیلوں پر پابندی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ محکمہ تحفظ ماحول 10 دسمبر سےاینٹی پلاسٹک مہم اور کریک ڈاؤن تیز کرے گا، پلاسٹک کا استعمال محدود کرنے پر عوام اور صنعت کاروں کو آگاہی دی جا رہی ہے۔