غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسہ جاری، اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 صحافیوں اور شہری دفاع کے 5 کارکنوں سمیت 69 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کا کہنا ہے کہ غزہ کے حالات دنیا تک نہ پہنچیں اس لیے اسرائیل منظم انداز میں فلسطینی صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فوج نے 4 اسکولوں کو نشانہ بنایا۔ بیت ہنون میں اسکول پر حملے میں 43اورخان یونس میں اقوام متحدہ کے زیرانتظام احمد بن عبدالعزیز اسکول پر بم باری میں 20 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ادھر غزہ کے شمالی اور وسطی علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 11 فلسطینی شہید ہو گئے، نابلس کے بالاتا کیمپ میں چھاپے کے دوران 16 سالہ لڑکا اسرائیلی فوج کی گولی لگنے سے شہید ہو گیا۔
مغربی کنارے کے پناہ گزین جنین کیمپ میں فلسطینی سیکیورٹی فورسز اور مسلح گروپوں میں پُرتشدد جھڑپوں میں کمانڈر جنین بریگیڈ اور 19 سالہ لڑکا شہید ہو گیا۔
ترجمان فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کیمپ میں آپریشن، بغاوت اور افراتفری کو ختم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جنین بریگیڈز پر فلسطینی سیکیورٹی گاڑیاں چوری کرنے اور کار میں دھماکے کا الزام ہے، جبکہ ترجمان جنین بریگیڈ کا کہنا ہے کہ ان کا گروپ اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں سے فلسطینیوں کو بچانے والی واحد قوت ہے۔
ترجمان جنین بریگیڈ کا کہنا ہے کہ حکام کا ہمارے خلاف آپریشن کا مقصد حب الوطنی اور مزاحمت کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔ صورتحال کے پیش نظر انروا (UNRWA) نے پناہ گزین کیمپ میں سروسز معطل کر دیں۔