نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیا ہیئر اسٹائل اپنا لیا۔ ٹرمپ کے اس نئے ہیر اسٹائل نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو منگل کے روز ویسٹ پام بیچ، فلوریڈا میں واقع ان کے ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کلب میں ایک مختلف ہیئر اسٹائل کے ساتھ دیکھا گیا، جس نے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ انہوں نے بال کٹوائے ہیں۔
ٹرمپ کے حامی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ٹرمپ کے بال عام طور پر نظر آنے والے اسٹائل کے مقابلے میں نمایاں طور پر چھوٹے یا زیادہ کمپیکٹ دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔
ٹرمپ کا منفرد ہیئر اسٹائل: شخصیت کا اہم حصہ
ڈونلڈ ٹرمپ کا منفرد ہیئر اسٹائل، جس میں ان کے بال اوپر سے ابھرے ہوئے نظر آرہے ہیں جو شیر کی ایال جیسا تاثر دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹرمپ کا ہیئر اسٹائل یہ ان کی عوامی شخصیت اور برانڈ کا اہم حصہ رہا ہے، جو ناصرف نقل کیا گیا بلکہ طنز و مزاح کا موضوع بھی بنا۔
اگر یہ تبدیلی مستقل ہو، تو یہ ان کےلیے ایک بڑا فیصلہ ہوگا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ اسٹائل دانستہ بدلا گیا ہے یا محض ان کے بالوں کی دیکھ بھال کے معمول میں کوئی تبدیلی ہے۔
ویڈیو میں ٹرمپ کا انداز
ویڈیو میں ٹرمپ گالف کے لباس، جس میں ٹرمپ برانڈڈ پولوشرٹ اور سرخ ’میک امریکہ گریٹ اگین‘ ٹوپی شامل ہے، میں نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کمرے میں داخل ہوتے ہی مداحوں سے سوال کیا، ’کیا سب لوگ مزہ کر رہے ہیں؟‘ اور پھر ہنستے ہوئے کہا، ’کیا سب ریپبلکن ہیں؟‘ جس پر حاضرین نے خوشی کا اظہار کیا۔
ہیئر اسٹائل کی تاریخ اور دلچسپ واقعات
ٹرمپ نے ماضی میں بھی اپنے بالوں کے حوالے سے خبروں میں جگہ بنائی تھی۔ 2019 میں ورجینیا کے ایک یادگاری ایونٹ میں ان کے بالوں کا اسٹائل مختلف اور پیچھے کی طرف ہموار نظر آیا تھا۔ سوشل میڈیا پر جب اس سے متعلق بات کی جانے لگی تو ٹرمپ نے پرانے اسٹائل پر واپسی کی۔
ٹرمپ نے 2013 میں ایک ٹوئٹ میں اپنے ہیئر اسٹائل کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا، ’جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ میں وگ نہیں پہنتا لیکن نفرت کرنے والے اور ہارنے والے ماننے سے انکار کرتے ہیں۔ میرے بال پرفیکٹ نہیں لیکن یہ میرے اپنے ہیں۔‘
2023 میں نیویارک کے ایک کاسمیٹک سرجن نے تجویز دی تھی کہ ٹرمپ نے ممکنہ طور پر پانچ بار ہیئر ٹرانسپلانٹ کروائے ہیں لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔
سوشل میڈیا پر ردعمل
سوشل میڈیا صارفین نے ٹرمپ کے نئے ہیئر اسٹائل پر دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا، ’نیا ہیئر کٹ!‘ جبکہ دوسرے نے سوال کیا، ’ان کے بالوں کے ساتھ کیا کیا گیا ہے؟‘
ایک اور صارف نے مذاقاً کہا، ’کیا یہاں کوئی مولیٹ اسٹائل ہے؟‘ جبکہ ایک نے اس تبدیلی کو ٹوپی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ’آلٹیمیٹ ہیٹ ہیئر۔‘