جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے بیٹے مولانا راشد محمود سومرو نے عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
آج سکھر کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج عبدالرحمٰن قاضی نے ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس کا فیصلہ سنایا ہے جس میں تمام 6 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
ملزمان کو قتل اور دہشت گردی کے الزام میں عمر قید جبکہ اسلحے کے الزام میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
6 ملزمان کو دو، دو بار عمر قید اور 10، 10 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
عدالتی فیصلے پر مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ جرم ثابت ہونے پر سزائے موت ہونی چاہیے تھی، جس کے لیے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
واضح رہے کہ 29 نومبر 2014ء کو جے یو آئی رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو سکھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔