مشہور گلوکار اور ریپر یویو ہنی سنگھ نے اپنی ڈاکومینٹری میں ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کے حوالے سے دل دہلا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔
یویو ہنی سنگھ کی زندگی پر مبنی ڈاکومینٹری ’’یویو ہنی سنگھ فیمس‘‘ نیٹ فلکس پر ریلیز ہو چکی ہے۔ اس فلم میں ہنی سنگھ نے اپنی ذہنی صحت کے مسائل، شہرت کی بلندیوں، اور پھر زوال کے ساتھ کم بیک کی جدوجہد کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔
گلوکار نے اپنی زندگی کے تاریک ترین لمحوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بائی پولر ڈس آرڈر اور سائیکوٹک علامات سے گزر رہے تھے، جس کے دوران انہیں موت کی خواہش ہوتی تھی اور وہ خود کو جہنم میں محسوس کرتے تھے۔
اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میرا دماغ قابو سے باہر ہو گیا تھا۔ میں خواب دیکھتا تھا جیسے جاگتے ہوئے خواب ہوں۔ میں دن رات روتا رہتا تھا اور موت کی دعا کرتا تھا۔
ڈاکومینٹری میں ہنی سنگھ نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ امریکا کے ٹور کے دوران مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں شاہ رخ خان نے امریکا میں ٹور کےلیے مدعو کیا تھا، لیکن دورانِ ٹور مجھے عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، مجھے محسوس ہوا کہ کوئی میرے خلاف سازش کر رہا ہے اور مجھ پر کیس کرنے کی کوشش کر رہا ہے، میں سمجھ نہیں پایا تھا کہ یہ کیا ہورہا ہے۔
گلوکار نے کہا کہ انہوں نے اسٹیج پر پرفارم کرنے سے بچنے کےلیے اپنے بال کاٹ دیے تھے، جبکہ کسی نے افواہ پھیلادی تھی کہ شاہ رخ خان نے مجھے تھپڑ مارا ہے۔
اس افواہ کی تردید کرتے ہوئے ہنی سنگھ نے کہا کہ شاہ رخ خان مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں، وہ مجھے کبھی تھپڑ نہیں مار سکتے۔
خیال رہے کہ اس ڈاکومینٹری کو موذیز سنگھ نے ڈائریکٹ کیا ہے یہ فلم ہنی سنگھ کی زندگی کے نشیب و فراز اور کم بیک کی کہانی کو نہایت جذباتی انداز میں پیش کرتی ہے۔
ہنی سنگھ کی یہ ڈاکومینٹری ان کی زندگی کے ایک مشکل باب کو اجاگر کرتی ہے اور مداحوں کو ان کی جدوجہد اور کامیابی کی نئی جھلک دکھاتی ہے۔