کراچی (اسد ابن حسن) ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم وقار الدین سید نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ملک بھر کے سائبر کرائم سرکلز میں عملے کی کمی کے پیش نظر مزید277اسٹاف کو ٹرانسفر کرنے کی درخواست کی ہے۔ مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ ملک بھر کے سائبر کرائم سرکلز میں اسٹاف کی شدید قلت ہے اور خاص طور پر تفتیشی افسران کی جس کی وجہ سے درخواست کنندگان کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ سرکل سربراہوں اور تفتیشی افسران پر بھی شدید دباؤ ہے۔ لہذا دوسرے سرکلز سے 277 اسٹاف سائبر کرائم سرکل کو ٹرانسفر کر دیا جائے۔ جو نفری طلب کی گئی ہے ان میں 80سب انسپیکٹرز، 40 اسسٹنٹ سب انسپیکٹرز، 30ہیڈ کانسٹیبلز، 10 آفس سپرانٹینڈنٹس، 10 آفس اسسٹنٹ، 15 اپر ڈویژن کلرکس، 20لوئر ڈویژن کلرکس اور 72 کانسٹیبلز شامل ہیں۔