جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت نے پولیو ورکرز ٹیم پر حملے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے تمام ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
دورانِ سماعت پولیس نے 4 خواتین سمیت 6 ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا۔
عدالت نے پولیس کی ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی اور تمام ملزمان کی 10، 10 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ملزمان کے خلاف درج مقدمے میں شامل دفعات قابلِ ضمانت ہیں۔
دورانِ سماعت پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا، خواتین نے غصے میں آ کر پولیو ٹیم پر حملہ کر دیا، ملزمان نے پولیس اہلکاروں کی وردیاں بھی پھاڑ دی تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف کورنگی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر سے 14 دن میں کیس کا چالان طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی میں انسدادِ پولیو کی ٹیم قطرے پلانے پہنچی تھی کہ وہاں موجود فیملی نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے منع کیا اور پولیو ٹیم پر حملہ کر دیا تھا۔
ملزمان نے انسدادِ پولیو ٹیم کو بیلچوں سے مارا تھا، واقعے میں انسدادِ پولیو کے 2 ورکر اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے پولیو ٹیم پر تشدد میں ملوث 4 خواتین سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا تھا جن میں ثمینہ، ماہ جبین، آمنہ، اقراء، عمران اور سفیان شامل ہیں۔