وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت محصولات میں بہتری کےلیے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب اور نگرانی پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے محصولات کی وصولی کےلیے بنائی گئی حکمت عملی کے نفاذ پر عمل درآمد کے حوالے سے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہوگا اور قیمتوں میں توازن ہوگا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وڈیو اینالیٹکس کی تنصیب کے بعد محصولات کی وصولی میں بہتری آئے گی، چینی کے اسٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ چینی کی سپلائی چین متاثر نہیں ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔