کراچی (اسٹاف رپورٹر ) داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے 12ویں کانوکیشن میں415طلباء کو ڈگریاں تفویض کی گئیں ، تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے جبکہ کانوکیشن سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہا کہ گزشتہ کانوکیشن کا وعدہ پورا کردیا، آج گریجویشن اور ایم ایس کرنے والے 415طلباء میں سے 263کو گریجویشن سے قبل ہی ملازمتیں مل گئیں جبکہ 258طلباء نے مائیکرو ڈگری بھی مکمل کرلی ، ایک طالبعلم کو 14آفر لیٹرز موصول ہوئے ۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں مالی استحکام آگیا ہے اور حکومت سندھ کی فراخدلانہ فنڈ فراہمی سے کی مالیاتی پوزیشن بہتر ہوئی اور اس سال 450ملین روپے کی گرانٹ بڑھا کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا 12واں جلسہ تقسیم اسناد ہفتہ کو گورنر ہاؤس سندھ کے سبزہ زار میں منعقد کیا گیا۔ جلسہ تقسیم اسناد میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے جبکہ گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے جلسہ تقسیم اسناد کی صدارت کی۔ اہم شخصیات نے کانوکیشن میں خصوصی شرکت کی ۔ داؤد یونیورسٹی کے ارکان سینیٹ اور سینڈیکٹ بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز) ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر آصف علی شاہ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں شعبہ انجینئرنگ (بی ای ) ، شعبہ سائنس (بی ایس ) اور شعبہ آرکٹیکٹ کےفال 20بیچ کے 415؍ طلبہ و طالبات نے گریجویشن مکمل کی اور انہیں ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ امتیازی نمبر حاصل کرنیوالوں کو گولڈ اور سلور کے تمغے دیئے گئے۔یونیورسٹی کی ٹاپ پوزیشن، فیکلٹی ٹاپ پوزیشنز اور 11شعبوں میں سے 8میں ٹاپ پوزیشن لڑکیوں نے حاصل کی جلسہ تقسیم اسناد میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں ایم ایس پروگرام کے 12طلبہ و طالبات کو بھی ڈگریاں دی گئیں ۔ وفاقی وزیر تعلیم و تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو سونے ، چاندی اور کانسی کے تمغے پہنائے ۔ دائود یونیورسٹی کے شعبہ پٹرولیم اینڈ گیس انجینئرنگ کے طالبعلم مزمل ولد محمد رفیق نے یونیورسٹی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا ، انجینئرنگ فیکلٹی پی ایم سی میں بھی مزمل ولد محمد رفیق نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ انجینئرنگ فیکلٹی سی ای ای ٹی میں کشف ناز ولد شہزاد احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، آرکیٹیکٹ فیکلٹی سی اے آر پی میں ماہین فاطمہ ولد غلام معین الدین، کمپیوٹر سائنس فیکلٹی بی اے ایس میں فاہامہ ابرار ولد ابرار نے پہلی پوزیشنز حاصل کیں۔ انجینئرنگ فیکلٹی آئی ایم ای ای میں محمد علی رضا خان ولد محمد ارشاد نے پہلی پوزیشن لی ۔ کمپیوٹر سائنس فیکلٹی آئی اینڈ سی ایس میں سمید سعید خان ولد سعید احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ مجموعی طور پر 7گولڈ میڈل حاصل تفویض کئے گئے ۔ 3فیکلٹی ٹاپ پوزیشنز اور 11شعبوں میں سے 6شعبوں کی ٹاپ پوزیشنزلڑکیوں نے حاصل کیں۔