کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس سے مقابلے میں 2 اغوا کار ہلاک ہوگئے اور شہری کو بازیاب کرالیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق مقابلے کے دوران 2 اغوا کار فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے جبکہ ہلاک ملزمان سے گاڑی، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا بتانا ہے کہ مغوی بزرگ نذیر احمد کو گزشتہ روز ان کے گھر خیابان اتحاد کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا، مغوی فجر کی نماز کی ادائیگی کے لیے گھر سے باہر آئے اور گاڑی میں اپنے نواسے کا انتظار کر رہے تھے۔
ان کا بتانا ہے کہ کار سوار 4 اغوا کار مغوی کو اسلحے کے زور پر لے گئے، مغوی کا نواسا آیا تو اس کو نانا گاڑی میں نہیں ملے، مغوی کے نواسے نے سی سی ٹی وی چیک کی تو نانا کے اغوا کا پتہ چلا تو اس نے پولیس کو اطلاع دی اور واقعے کا مقدمہ ساحل تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سخی حسن پُل کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔