پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار جنید خان کی ابوظبی میں کینیڈین گلوکار برائن ایڈمز کے ساتھ ایک یادگار ملاقات ہوئی ہے۔
برائن ایڈمز اپنے ’سو ہیپی اٹ ہرٹس‘ ٹور کے لیے ابو ظہبی پہنچے تو کنسرٹ کے آغاز سے قبل جنید خان کو ان سے ملاقات کرنے کا موقع مل گیا۔
جنید خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر برائن ایڈمز کے کنسرٹ کی کچھ ویڈیوز اور ان کنسرٹ سے قبل ان کے ہمراہ لی گئی یادگار تصویر کو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ پچھلی رات بہت یادگار تھی کیونکہ یہ رات ہر وقت میرے پسندیدہ گانوں کو سننے اور ایک حیرت انگیز پرفارمنس کا مشاہدہ کرنے کے بارے میں نہیں تھی بلکہ یہ ایک خوبصورت تعلق اور ناقابلِ فراموش یادوں سے متعلق تھی۔
اداکار نے لکھا کہ کنسرٹ سے پہلے ناقابلِ یقین حد تک شائستہ راک اسٹار سے ملنا اس رات کی سب سے خاص بات تھی۔
اُنہوں نے لکھا کہ برائن ایڈمز نے ہمارے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے وقت نکالا اور ان یادگار لمحات کو یاد کیا جو اُنہوں نے برسوں پہلے کراچی میں پرفارم کرتے ہوئے گزارے تھے۔
جنید خان نے برائن ایڈمز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ سر! آپ صرف اسٹیج پر ایک لیجنڈ نہیں ہیں بلکہ آپ ایک متاثر کن شخصیت بھی ہیں، آپ کی وجہ سے مجھ سمیت لاتعداد موسیقاروں نے خواب دیکھنے کی ہمت کی، آپ کو اپنی موسیقی میں اپنی روح ڈالتے ہوئے دیکھ کر مجھے پہلی بار مائیک اٹھانے کی ہمت ملی۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ میں 18 سال کی عمر سے آپ کا مداح ہوں اور اب ہمیشہ رہوں گا۔