پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگلے اجلاس میں اپوزیشن تحریری مطالبات پیش کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کی پہلی نشست ہوئی۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ اسد قیصر نے آگاہ کیا باقی ارکان ہنگامی اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے، دونوں جانب سے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں طرف سے کہا گیا مذاکرات کو جاری رہنا چاہیے، دونوں کمیٹیوں نے خیر سگالی کا اظہار کیا اور کہا پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کا فورم ہے۔
عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ اگلی میٹنگ میں تحریری مطالبات پیش کیے جائیں گے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا گیا، شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔