شام کے نئے رہنما ہیئۃ التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کے سربراہ احمد الشرح المعروف ابو محمد الجولانی سے سعودی اور ترک وفود نے ملاقات کی۔
دمشق کے صدارتی محل میں ہونے والی اس ملاقات میں ہیئۃ التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) پر عائد عالمی پابندیاں ختم کرنے پر زور دیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق سعودی وفد سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
دونوں ممالک کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم ملاقات میں شام میں سعودی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے اور مستقبل کی شامی حکومت کو سعودی حمایت کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔
دریں اثناء ترک وزیرِ خارجہ حاکان فدان نے بھی دمشق میں احمد الشرح سے ملاقات کی اور شام کی تعمیرِ نو میں مدد فراہم کرنے اور سیاسی عبوری عمل میں تعاون کا وعدہ کیا۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ شام پر عائد تمام پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ ملک کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے، احمد الشرح نے بھی عالمی برادری سے پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے شام کا نیا آئین تشکیل دینے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، پناہ گزینوں کے مسائل، اسرائیل کی خلاف ورزیوں اور کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) کے مسئلہ پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔