جنوبی بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار الو ارجن اس وقت سخت مشکل میں ہیں۔ گزشتہ روز انکے گھر پر مظاہرین نے حملہ اور توڑ پھوڑ کی، اس ناخوشگوار صورتحال کے باعث ان کے بچوں الو آرہا اور الو آیان کو گھر چھوڑ کر جانے پر مجبور ہونا پڑا۔
انٹرنیٹ پر شیئر کی گئی تصویر میں دونوں بچے الو آرہا اور الو آیان خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ ایک کار میں سوار ہوتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، کار کو مقامی میڈیا نے گھیر رکھا تھا جبکہ بچے صورتحال سے پریشان نظر آ رہے تھے۔
واضح رہے کہ اتوار کو حیدر آباد میں الو ارجن کے جوبلی ہوم پر مظاہرین نے حملہ کیا، اس موقع پر ان کے دونوں بچے گھر سے نکال کر لے جاتے نظر آئے۔
حملہ اور توڑ پھوڑ کرنے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ سندھیا تھیٹر حیدر آباد کے باہر چار دسمبر کو فلم پشپا ٹو کی افتتاحی نمائش کے موقع پر ہجوم میں بھگڈر مچنے سے ہلاک ہونے والی خاتون کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
بتایا جاتا ہے کہ مظاہرہ کرنے والوں کی شناخت عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے طور پر ہوئی ہے۔