چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ رواں سال سرد موسم کے دوران بارش اور برفباری کم ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے ’ سب تک نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا کہ جنوری کے دوسرے ہفتے سردی بڑھ سکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں آج اور کل معمول سے تیز ہوائیں چلیں گی، آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 3، 4 یا 5 جنوری کو ہلکی بارش کا امکان
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 3، 4 یا 5 جنوری کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع میں موسم شدید سرد ہے، وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم سرد و خشک رہے گا۔
واضح رہے کہ زیارت، کوئٹہ اور قلات میں شدید سرد موسم اور گیس پریشر میں کمی کے سبب شہری پہلے ہی پریشان ہیں۔
بلوچستان کے شمال اور پاک افغان سرحدی علاقے شدید خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
بالائی علاقوں کی فصلوں، ندی نالوں میں پانی جم گیا ہے۔
شدید خشک سردی کے باعث امراضِ سینہ اور قلب کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔
محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق بچوں اور عمر رسیدہ افراد کی بڑی تعداد اسپتالوں کا رخ کر رہی ہے، موسمی بیماریوں سے متاثرہ بچوں کے لیے الگ وارڈ مختص کر دیا ہے۔
محکمۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ چیسٹ انفیکشن سے بچوں اور عمر رسیدہ افراد کی اموات بھی ہونے لگی ہیں۔