پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہرام خان ترکئی کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور عاطف خان کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہرام ترکئی نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے میں اسد قیصر اور میں نے کردار ادا کیا، بہت جلد علی امین اور عاطف خان کے درمیان ملاقات کرائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی اور قانون کی بالادستی کے مشن میں ہم ایک ہیں۔
شہرام ترکئی نے کہا کہ وفاقی حکومت ایف آئی آرز سے متعلق معلومات دینے سے کتراتی ہے، جہاں ضمانتیں ملتی ہیں تو کسی اور ایف آئی آر میں پکڑ لیے جاتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں اپنے شہری محفوظ نہیں تو باہر سے سرمایہ کار کیسے آئیں گے؟
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور اور عاطف خان کے درمیان اختلافات تھے۔
عاطف خان کے خلاف علی امین گنڈاپور کی مبینہ آڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔
مبینہ آڈیو میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے کہا تھا کہ عاطف خان حیثیت کی بات نہ کریں، سب کو پتہ ہے کس کی کیا حیثیت ہے۔
مبینہ آڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ (عاطف خان) اتنے اہم نہیں کہ میں پیچھے پھرتا رہوں۔
مبینہ آڈیو میں انہیں عاطف خان سے متعلق کہتے ہوئے سنا گیا کہ وہ کہانیاں نہ بنائیں۔