وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا جناح ایونیو انڈر پاس 42 دن کی ریکارڈ مدت میں بنا، اسی برق رفتاری سے دیگر ترقیاتی کام کر کے ملک آگے بڑھائیں گے۔
جناح ایونیو انڈر پاس کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دن رات کام کرنے سے ہی قوم ترقی کرتی ہے، امید ہے سرینا چوک انڈر پاس منصوبہ بھی اسی رفتار سے مکمل ہوگا، فلائی اوور مکمل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے، محسن نقوی راتوں کو بھی منصوبے کا دورہ کرکے کام کا جائزہ لیتے رہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 42 دن کی تعمیراتی مدت میں وہ دن بھی شامل ہیں جب ایک دھرنے کی وجہ سے شہر بند تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں فائیو اسٹار ہوٹلوں کی تعمیر کےلیے کام کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سی ڈی اے نے دن رات کام کرکے انڈر پاس ایک ہزار 8 گھنٹوں میں مکمل کیا، وزیراعظم نے پانچ نومبر کو منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، جناح ایوینیو انٹرچینج منصوبے کا پچاس فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، سرینا چوک انڈر پاس کو مقررہ وقت میں مکمل کریں گے۔
چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی نے جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے میں سیفٹی اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، منصوبے کے فیز ون میں 950 میٹرز کا انڈر پاس مکمل کیا گیا ہے۔