امریکا کے سپر اسٹور وال مارٹ میں حماس کے سابق سربراہ یحییٰ سنوار کی تصاویر والی ٹی شرٹس کے فروخت ہونے پر اسرائیل سیخ پا ہوگیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں سپر اسٹور کے خلاف شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ امریکی کمپنی نے اپنی آن لائن پلیٹ فارم پر حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی تصویر والے ٹی شرٹس فروخت کے لیے پیش کیے ہیں، جن میں انہیں ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
یحییٰ سنوار کی ایک ٹی شرٹ کو "یحییٰ سنوار ’ہم جیتیں گے یا مریں گے” کا نام دیا گیا ہے جسے وال مارٹ کی ویب سائٹ پر فروخت کیلئے پیش کیا گیا ہے۔
جس کے بعد کئی اسرائیلی اخبارات و ٹی وی چینلز پر وال مارٹ پر شدید تنقید کی گئی، بعد ازاں اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ وال مارٹ نے یحییٰ سنوار کی تصویر والی ٹی شرٹس اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیں۔
واضح رہے کہ 31 جولائی 2024 کو اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت کے بعد حماس کے سربراہ بننے والے یحییٰ سنوار کو 16 اکتوبر 2024 کو اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے جبالیہ کیمپ میں حملے کے دوران شہید کردیا۔