گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ آج پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہم سب مل کر محنت کر رہے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا فرمان ہے کہ مسلمان مشکل وقت میں گھبراتا نہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان کو وہاں لے کر آئیں جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم اس مشکل دور سے گزر جائیں گے اور ملک ضرور ترقی کرے گا، دوست ممالک اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان معاشی طور پر خوشحال ہو جبکہ انہیں پتا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت اور60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ملک ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سپہ سالار ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کرم کے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے جبکہ بیرونی طاقتیں پاکستان کو صحیح سمت میں جانے سے روکنے کے لیے تیار کھڑی ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس لیے 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات بار بار جنم لیتے ہیں، تحریک انصاف کا مذاکرات کی میز پر آنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج ترقی کی طرف گامزن ہے، شرح سود کم ہو رہی ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لیے وزیراعظم اور صدر سمیت تمام لوگ سر جوڑ کر بیٹھیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فلسطینیوں کے لیے دعا کرنی چاہیے کہ وہ آزادی سے رہیں۔