سدا بہار پاپ سنگر سلیم جاوید نے امسال اپنی سالگرہ کا جشن امریکا میں منایا۔ وہ بعد ازاں مختلف کانسرٹس بھی کریں گے۔
لوک گیت ’جگنی‘ سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والے سدا بہار گلوکار سلیم جاوید اور ان کے صاحبزادے معروف موسیقار شیزان جوجی نے 25 دسمبر کو اپنی سالگرہ کا جشن منایا۔
سلیم جاوید نے موسیقی کی دنیا میں نت نئے گائیکی کے انداز متعارف کروائے اور وہ گزشتہ کئی برسوں سے موسیقی کے رنگوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔
ان کے صاحبزادے شیزان جوجی بھی اپنی سالگرہ 25 دسمبر کو مناتے ہیں۔
اس طرح باپ بیٹوں کی سالگرہ کا ایک دن ہونے سے اہلِ خانہ ایک ساتھ ہی سالگرہ کا کیک کاٹتے ہیں۔
گلوکار سلیم جاوید نے بتایا کہ 25 دسمبر میرے لیے کئی خوشیاں لے کر آتا ہے، اس دن قائداعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش بھی ہوتا ہے اور دنیا بھر میں کرسمس بھی منایا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا جوجی ان دنوں کینیڈا میں ہے اور میں امریکا میں ہوں۔
سلیم جاوید نے مزید کہا کہ ہر سال دنیا بھر سے نیک خواہشات اور سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات ملتے ہیں تو خوشی ہوتی ہے۔
گلوکار نے اپنے گائے ہوئے گیت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ کئی برس قبل ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ گایا تھا، آج بھی اسے نئی نسل گا رہی ہے، یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔
کئی دہائیوں سے پرفارمنس کا جادو جگانے والے منجھے ہوئے سنگر سلیم جاوید کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ موسیقی میں اپنے گیتوں کو نئے رنگ کے ساتھ پیش کیا ہے۔