پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سائرہ یوسف نے سُپر اسٹور سے چاکلیٹس چوری کرنے کا اعتراف کرلیا۔
سائرہ یوسف کی گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں ایک سُپر اسٹور سے چاکلیٹس چوری کرتے دیکھا گیا تھا۔
اب اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے خود سُپر اسٹور سے چاکلیٹس چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
اُنہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ جسے سُپر اسٹور سے چاکلیٹس چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا وہ میں ہی تھی۔
سائرہ یوسف نے چاکلیٹس چوری کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ چاکلیٹس دیکھ کر مجھ سے صبر نہیں ہوا اور مجھے یقین ہے کہ آپ لوگوں سے بھی نہیں ہوگا تو اگر آپ لوگ چاہیں تو یہ کریمی ملک چاکلیٹس چوری کرنے کا الزام مجھ پر لگا سکتے ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ روز جو ویڈیو وائرل ہوئی وہ ایک چاکلیٹ کی اشتہاری مہم کا حصّہ تھی اور اس ویڈیو کو جان بوجھ کر سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز وائرل ہونے والی ویڈیو کی طرح اس ویڈیو پر بھی سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کرتے نظر آ رہے ہیں۔