وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے آذربائیجان کی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ آذربائیجان کے طیارے کے قازقستان میں حادثے کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ عزیز بھائی، صدر آذربائیجان الہام علیوف اور آذربائیجان کی عوام سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے دعا گو ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ ہماری دعائیں مرحومین کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان غم کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ باکو سے گروزنی جانے والا طیارہ اکٹو ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے میں 62 مسافر اور 5 عملے کے افراد سوار تھے۔ 3 بچوں سمیت 27 مسافروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔