وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی بانی پی ٹی آئی کی سازش تھی، نو مئی کو لاہور جناح ہاﺅس، پی اے ایف میانوالی اور راولپنڈی کے ملزمان کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے مزید کہا کہ قلعہ چکدرہ کے ملزمان کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملک کے دفاعی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے مذموم سازش تھی۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقا نے 9 مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں، جن مجرمان کو سزائیں سنائی گئیں یہ توڑ پھوڑ میں ملوث تھے۔ مجرمان کا فیئر ٹرائل ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مجرمان کو ٹرائل کے دوران تمام بنیادی حقوق دیے گئے، ٹرائل کورٹ میں عجلت میں کیس کا فیصلہ نہیں ہوا، پراسیکیوشن کی طرف سے بہت وقت لیا گیا، عدالت میں باقاعدہ شواہد پیش کیے گئے۔
انکا کہنا تھا کہ آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، اب کوئی جرات نہیں کر سکے گا کہ ملکی دفاعی تنصیبات پر حملہ کرے۔ رائٹ ٹو فیئر ٹرائل عالمی معاہدوں اور قوانین کے عین مطابق ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں آئین اور قانون کا خاص خیال رکھا گیا ہے، رائٹ ٹو فیئر ٹرائل میں وکیل کا حق، ریکارڈ اور فیملی تک رسائی دی گئی۔
انھوں نے کہا اس میں اپیل کے دو حق دیےگئے ہیں، سانحہ 9 مئی میں حملہ آوروں کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔