بالی ووڈ کے اداکار ارجن کپور نے اپنے پرستاروں کو خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے نام پر آن لائن فراڈ کیا جا رہا ہے، وہ کبھی بھی کسی سے اس کی ذاتی تفصیلات شیئر کرنے کیلئے نہیں کہیں گے۔
39 سالہ ارجن کپور نے یہ پیغام اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر جاری کرتے ہوئے پرستاروں کو آگاہ کیا کہ اس وقت آن لائن ان کے نام پر یہ دھوکہ جاری ہے۔
انھوں نے اس حوالے سے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کوئی شخص خود کو میرا منیجر ظاہر کر کے فالوورز کو دھوکا اور فریب دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
انھوں نے اپنے پرستاروں کو محتاط رہنے اور اس کا شکار بننے سے محفوظ رہنے کو کہا۔
ارجن کپور کا کہنا تھا کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ایک نامعلوم اکاؤنٹ لوگوں سے رابطہ کرکے انھیں یہ ظاہر کر رہا ہے کہ وہ میرا منیجر ہے اور یہ آفر کر رہا ہے کہ وہ انھیں مجھ سے ملانے کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔
براہ مہربانی آگاہ رہیں کہ یہ پیغامات قانونی نہیں ہیں اور میرا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔