سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 13 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر محمد اویس نے جام شہادت نوش کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا اس دوران خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا جہاں 2 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع شمالی وزیرستان میں کیا گیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔ یہیں میجر محمد اویس فرنٹ سے آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ 8 خوارج زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں میں موجود دیگر ممکنہ خوارجیوں کے خاتمہ کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کےلیے پُر عزم ہیں۔