پاکستان مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا ہے کہ 9 مئی پر حکومت اور اداروں کی زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے۔
سب تک نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مذاکرات اور سزائیں دو مختلف سبجیکٹ ہیں، جو 9 مئی کے واقعات میں براہ راست ملوث تھے ان کو سزائیں دی گئیں، مکمل شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو سزائیں ہوئیں، مجرمان کو وکیل کی سہولت دی، اہلخانہ سے ملاقات کی سہولت دی، اپیل کاحق موجود ہے۔
پروگرام میں موجود پی ٹی آئی کے رہنما عمیر نیازی نے کہا کہ بانی تحریک انصاف اس مشکل صورتِ حال سے بھی دوچار ہیں کہ وہ عوام کو جس سطح پر لے آئے ہیں اب وہ پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
رچرڈ گرینل سے ملاقات کرنے والی صدر پاکستانی امریکن پبلک افیئرز کمیٹی ڈاکٹر عظمیٰ رحمان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ملاقات کا ایجنڈا امریکا کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی دعوت دینا نہیں تھا، ان کی تنظیم بس پاکستان کے لیے بہتر کرنا چاہتی ہیں، چاہے پاکستان میں کسی کی بھی حکومت ہو۔
ڈاکٹر عظمیٰ رحمان نے کہا کہ ہم پاکستانی اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، ہم وہی کرتے ہیں جو پاکستان کے مفاد میں ہے، امریکی انتخابات میں دونوں امیدواروں کے لوگوں سے ملاقات کیں، ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان پر کسی قسم کی پابندی لگے۔