دنیا کی معروف آن لائن تعلیمی درسگاہ خان اکیڈمی کا پاکستان میں افتتاح کردیا گیا۔
مفت آن لائن لرننگ کے حوالے سے معروف خان اکیڈمی نے پاکستان میں نظام تعلیم کی تبدیلی کے حوالے سے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے، خان اکیڈمی پاکستان کے قیام کا اعلان کردیا۔
اکیڈمی کے قیام سے اے آئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اساتذہ اور لاکھوں پاکستانی طالب علموں کو اعلیٰ معیار کی جدید تعلیم میسر ہوگی۔
افتتاحی تقریب میں ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور کارپوریٹ رہنماؤں نے خان اکیڈمی کے اے آئی لرننگ ٹولز "خان میگو” کی رونمائی کی گئی، تقریب میں خان اکیڈمی پاکستان کے سی ای او ذیشان حسن، چیئرپرسن عثمان راشد، صنعتکار امین ہاشوانی سمیت نعیم زمیندار شریک تھے۔
اس موقع پر صنعتکار امین ہاشوانی کا کہنا تھا کہ کسی بھی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں وقت لگتا ہے، آرٹیفشل انٹیلی جنس کی مناسب آگاہی کے لیے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔
بزنس مین نعیم زمیندار کا کہنا تھا کہ ہر انسان کے سیکھنے کا عمل مختلف ہوتا ہے، ایسے میں خان امیگو کا کردار بچوں کی تعلیم میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔
شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ خان اکیڈمی کا مشن ملک بھر میں طلباء اور اساتذہ کو جدید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ با اختیار بنانا ہے۔
خان اکیڈمی کے بانی سلمان خان نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان کے نوجوانوں کی ناقابل یقین صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں اور سب کو ایک روشن مستقبل کی ترغیب دے سکتے ہیں۔