ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں، ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ہمارے لیے قابلِ قدر ہیں، جمہوریت، جمہوری قدروں اور مفاہمت کی سیاست کو فروغ دینے میں ان کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا نے حال ہی میں ہونے والی آئینی ترمیم پر حکومت کا ساتھ دیا جس پر شکر گزار ہیں، ملک کو اس وقت اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، مولانا صاحب نے ملک کے مفاد کو ترجیح دی ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ ذاتی طورپر مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی جدوجہد کا معترف ہوں، ملک کو درپیش چیلنجز میں ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔