بھارت کے دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارش نے 101 سالہ دسمبر کی بارش کا ریکارڈ توڑ دیا۔
بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 41.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ 101 سال کے دوران دسمبر کے مہینے میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔
اس سے قبل 3 دسمبر 1923ء کو دسمبر کے مہینے میں 1 دن میں سب سے زیادہ 75.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
بھارت کے محکمۂ موسمیات کے پاس1901ء کے بعد سے اب تک دہلی میں ہر سال دسمبر کے مہینے میں ہونے والی مجموعی بارش کے ریکارڈ کو دیکھا جائے تو دسمبر 2024ء کو فہرست میں پانچویں پوزیشن حاصل ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات نے آج بھی دہلی میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
آج (ہفتے کو) دہلی کا کم سے کم درجۂ حرارت 12.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔