میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں سڑکیں بند کرنا مناسب نہیں ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت کو مسئلہ پارا چنار حل کرنا چاہیے۔
میئر کراچی نے کہا کہ سڑکیں بند کرنے سے ٹارگٹ پورا نہیں ہوتا، مظاہرین سے بات چیت جاری ہے، آج یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ بھی ہوتا ہے تو احتجاج کراچی میں ہوتا ہے، پورا شہر بند ہو جاتا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نیو کراچی میں سڑکیں بنائیں اور کل روڈ کٹنگ ہو رہی تھی، اس کی اجازت کس نے دی؟
ان کا کہنا ہے کہ پی پی کے کارکنان کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، کل لاڑکانہ جیسا بڑا اجتماع میں نے کہیں نہیں دیکھا، سخت سردی کے باوجود عوام نے بلاول بھٹو اور صدرِ مملکت کو سنا۔
میئر کراچی نے کہا کہ ایک آدمی نہیں سمجھتا کہ ٹاؤن، کے ایم سی کا اختیار کہاں پر ہے، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کو عوام کے لیے کھولاجا رہا ہے، لوگ اب کورنگی سے قائد آباد تک با آسانی سفر کر سکیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ پیپلز پارٹی کیا کام کر رہی ہے اور ٹاؤن کیا کام کر رہے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ نیپا انفیکشیس ڈیزیز اسپتال آج بھی مکمل نہیں ہوا، یہ اسکیم کسی اور نے منظور کی تھی، یہاں ٹراما سینٹر بننا تھا، سروس لین پر اسپتال نہیں بنائے جاتے، یہ انفکیشس ڈیزیز کا پہلا اسپتال ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا میں اس اسپتال نے کام شروع کیا، یہ مکمل کیوں نہیں ہوا چیک کر کے بتا سکوں گا۔
مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ جہاں پانی کی لائنیں ڈال دی گئی ہیں وہاں پانی مل جائے گا، ایک وقت تھا کہ شہر ڈوب رہا ہوتا تھا اور لوگ ہوٹل پر چائے پی رہے ہوتے تھے۔