نیویارک کی جیل میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے قیدی پر بہیمانہ تشدد کرنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
امریکا کی ریاست نیویارک میں قیدی کی موت سے قبل اس پر پولیس کا تشدد ثابت ہوگیا۔ اہلکاروں کی جانب سے قیدی پر بدترین تشدد کرنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔
43 سالہ قیدی رابرٹ بروکس کی جیل میں موت کے بعد شدید عوامی غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
پولیس باڈی کیمروں کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ جیل کے افسران نے بروکس پر ہتھکڑیوں میں جکڑے ہونے کے باوجود بےدردی سے تشدد کیا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسران بروکس کو طبی معائنے کے کمرے میں بار بار مکے اور لاتیں مار رہے تھے۔ ایک موقع پر ایک افسر نے قیدی کے منہ میں سفید کپڑا ڈال کر اس کے چہرے پر مکے برسائے۔
ایک اور افسر نے اس کے جسم کے نازک حصے پر حملہ کیا اور پھر جوتے سے مارا۔ فوٹیج میں بروکس کا چہرہ خون سے لت پت نظر آیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بروکس 12 سال قید کی سزا کاٹ رہا تھا اور 10 دسمبر کو وِن اسپتال، یوٹیکا میں جس بسا کرگیا۔
ڈاکٹر نے اپنی رپورٹ میں شبہ ظاہر کیا ہے کہ قیدی کو ممکنہ طور پر ریڑھ کی ہڈی کی مہلک چوٹ پہنچی جو اہلکاروں کی جانب سے اس کے گلے کو زیادہ دبانے کی وجہ سے ہوئی۔
واقعے کے دوران قیدی جو پہلے ہوش میں تھا، بعد میں بےحس و حرکت نظر آیا۔