امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ ملین مارچ کا معاملہ فلسطین سے ہے، یہ کوئی سیاست نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل غزہ ملین مارچ میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کےلیے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ کل بھی اسرائیل نے غزہ میں اسپتال پر حملہ کیا، فلسطین میں خواتین و بچے شہید ہو رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جتنی سردی یہاں ہے اس سے کئی گنا زیادہ سردی فلسطین میں ہے، غزہ ملین مارچ کا معاملہ فلسطین سے جڑا ہے، یہ کوئی سیاست نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ایک طرف انتظامیہ ہمیں اجازت دے دیتی ہے اور دوسری طرف تنگ کیا جاتا ہے، ہمارا کل کا پروگرام طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔