راہوالی/ گوجرانوالہ(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت اور سیاسی استحکام کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں، 9مئی کے واقعات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، نو مئی کے کیسز کا فیصلہ عجلت میں نہیں ہوا، سانحہ 9مئی کے منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ کیخلاف بھی کیس آگے بڑھنا چاہئے، ریاستی امور اور عالمی سطح پر تعلقات میں سیاست کو نہیں لانا چاہئے۔ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے نیک نیتی سے مذاکرات چل رہے ہیں، مذاکرات کا اگلا دور3جنوری کو ہونا ہے جس میں مزید پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بدترین مخالف بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی کہہ دیا ہے کہ معیشت ترقی کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد سیاسی استحکام ہے، تحریک انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم میں بھی اپنا کردار ادا کیا، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ انکے مذاکرات بھی ہوئے اور وہ اس معاملے کو آگے لیکر چلے، انکے کہنے پر بہت سی شقیں نکالی بھی گئیں مگر ایسا نہیں ہو سکتا کہ اس کی آڑ میں 9مئی جیسے واقعات کو فراموش یا ان پر سمجھوتہ کرلیا جائے۔