عالمی سطح پر جانے مانے ٹیک جائنٹ اور سوشل میڈیا کمپنی ایکس کے مالک ایلون مسک نے امریکی معیشت کےحوالے سے خدشات ظاہر کردیے۔
دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک مشہور پوڈ کاسٹ ’دی جوئے روگن ایکسپیئرنس‘ میں مہمان بنے جہاں انہوں نے یہ انکشاف کیا کہ امریکی معیشت دیوالیہ ہوسکتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ قومی امریکی قرض 36 اشاریہ 17 ٹریلین ڈالر ہو چکا ہے جو کافی خطرناک ہوسکتا ہے، اگر مناسب اقدامات نہ اٹھا ئے گئے تو امریکی معیشت دیوالیہ ہوسکتی ہے۔
ایلون مسک نے معاملے کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 23 فیصد سود ادائیگی ایک پریشان کُن چیز ہے اور اس میں بدستور اضافہ بھی ہو رہا ہے، اگر اس پر توجہ نہ دی گئی تو کہیں ایسا وقت نہ آئے کہ تمام تر قومی بجٹ صرف اسی مد میں ہی خرچ کرنا پڑ جائے۔
ایلون مسک کے مطابق مالی سال 2024ء میں امریکی حکومت کی جانب سے صرف 1 اشاریہ 1265 ٹریلین سود کی ادائیگی پر خرچ ہوئے جبکہ امریکا کی مجموعی آمدنی 4 اشاریہ 92 ٹریلین ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے یہ انکشافات امریکی عوام اور امریکی پالیسی سازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے جس پر سوال یہ آتا کہ کیا امریکا میں اس خطرناک صورتحال سے نکلنے کے لیے بروقت اقدامات لیے جاسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایلون مسک اسی سال جولائی میں بھی ایک میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں بھی اس حوالے سے بات کرچکے ہیں جس میں اُنہوں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی ڈالر ’’تباہی‘‘ کی طرف بڑھ رہا ہے۔