صدر اتحاد تنظیمات المدارس دینیہ پاکستان مفتی تقی عثمانی نے مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر ردعمل دے دیا۔
ایک بیان میں مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن ایکٹ کے مؤقف کے مطابق گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور سینیٹر کامران مرتضیٰ کی کوششیں بہت ہی قابل احترام ہیں۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل کی منظوری قوم کو مبارک ہو، صوبوں کو بھی اس کے مطابق قانون سازی کی توفیق ہو۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کرنے پر ہم صدر کے مشکور ہیں، پارلیمان کے بنائے ہوئے قانون پر دستخط سے جے یو آئی کا مؤقف تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم جے یو آئی کے کارکنان اور مدارس مبارکباد کے مستحق ہیں، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ نے بھی مثبت کردار ادا کیا جو قابل تحسین ہے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اور دینی مدارس کے قائدین کی کوششوں سے معرکہ سر ہوا۔